بیجنگ: چین سے تعلق رکھنے والی وی لاگر اور ٹک ٹاک اسٹار کو لائیو اسٹریمنگ شو کے دوران سابق شوہر نے پیٹرول چھڑک کر جلا دیا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا اسٹار اور وی لاگر اپنا لائیو اسٹریمنگ شو ریکارڈ کررہی تھیں کہ اسی دوران اُن کا سابق شوہر گھر میں داخل ہوا اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
رپورٹ کے مطابق سابق شوہر گھر ستمبر کے وسط میں اسلحے کے ساتھ داخل ہوا، اُس نے پہلے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر سوشل میڈیا اسٹار لامو کے پاس پیٹرول کی بوتل لے کر پہنچ گیا۔
لیمو کا 90 فیصد جسم آگ سے جھلس گیا تھا جس کے بعد اہل خانہ انہیں اسپتال لے کر پہنچے جہاں اُن کا دو ہفتوں تک علاج جاری رہا اور گزشتہ شب ڈاکٹر نے اُن کی موت کی خبر سنائی۔
مزید پڑھیں: عراق جنگ میں شریک امریکی فوجی کی فیس بک لائیو پر خودکشی
چین کے مقامی چینل اور اخبارات نے رپورٹ کیا ہے کہ لیمو کے دو بیٹے ہیں، انہوں نے گھریلو حالات اور شوہر کے تشدد سے تنگ آکر علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دونوں کے درمیان طلاق بھی ہوچکی تھی۔
پولیس نے انتقام لینے کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر کوئی بھی تبصرہ نہیں کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لامو معروف وی لاگر ہیں جو چین کے مغربی علاقے سچوان صوبے کے شہر ابا کی رہائشی ہیں۔
ٹک ٹاک پر اُن کے فالوؤرز کی 7 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے جبکہ اُن کی شیئر کردہ ویڈیوز کو اب تک 63 لاکھ سے زائد لائیکس مل چکے ہیں۔
لامو نے اپنی آخری ویڈیو چودہ ستمبر کو شیئر کی جس میں وہ ثقافتی گانے پر ہونٹ ہلا رہی تھیں اور اپنے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : بیٹی کی بغیر اجازت شادی، باپ کی فیس بک پر براہ راست خودکشی
لامو کی بہن ژہوما نے دوروز قبل ٹک ٹاک اسٹار پر ہونے والے حملے اور اُن کی طبیعت کے حوالے سے ایک پوسٹ کی تھی جس کے بعد مداحوں نے لامو کی صحت اور درازی عمر کی دعا بھی کی۔