جمعہ, مارچ 14, 2025
اشتہار

متعدد اراکین اسمبلی کے استعفے موجود ہیں،جلد منظر عام پر لائیں گے، واسع جلیل

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے کہا کہ وہ لوگ جو ایم کیو ایم قائد کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں، منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے سے انہیں شرمندگی کا سامنا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے متعدد اراکین اسمبلی کے استعفے آگئے جو وقت آنے پر منظر عام پر لائے جائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے واسع جلیل نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا کیس بے بنیاد تھا اس لیے ختم ہوگیا،یہ کیس برطانیہ کے آئین اور قانون کے مطابق چلا اور الطاف حسین سمیت دیگر رہنما بری ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے نامعلوم لوگوں کو متعارف کرایا، لوگوں کو رکن اسمبلی تک بنادیا، ہمارے خلاف ریاستی آپریشن جاری ہے جس سے وقتی پریشانی ضرور ہے تاہم ہمارے اوپر لگے الزامات ٓہستہ آہستہ ختم ہورہے ہیں۔

واسع جلیل نے بتایا کہ الطاف بھائی نے آج ایک ویڈیو لیکچر جاری کیا ہے جلد مزید ویڈیو بھی جاری ہوں گی، ایم کیو ایم ایک آئیڈیالوجی ہے، ایم کیو ایم ایک نظریہ ہے جسے آسانی سے ختم کرنے کی سوچ رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کچھ نہیں ہے، لوگ الطاف حسین کے چاہنے والے ہیں اور ان کے ووٹرز ہیں، وسیم اختر بھی الطاف حسین کے مینڈیٹ کے باعث منتخب ہوئے،سارا مینڈیٹ آج بھی الطاف بھائی کا ہے۔

میزبان کاشف عباسی کے ایک سوال پر انہوں نے بتایاکہ قائد تحریک کے مطالبے پر ایم کیو ایم کے متعدد رہنمائوں نے استعفیٰ دے دیے ہیں جو کہ ہمارے پاس ہیں،ان میں اراکین قومی اسمبلی اور اراکین سندھ اسمبلی دونوں شامل ہیں تاہم میں ان کا نام لے کر انہیں پریشان کرنا نہیں چاہتا وہ ہمارے ساتھی ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صولت مرزا اگر پارٹی کی مصیبتوں پر جیل میں رقص کرتے ہیں تو یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے، وہ دنیا سے چلا گیا ان کے نام پر گڑے مردے کیوں اکھاڑے جائیں۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے اور مائنس ون کا فارمولا ختم کردیا جائے، نئی رابطہ کمیٹی، تحلیل شدہ تنظیمی ڈھانچے اور مستعفی ہونے والے افراد کی نئی ذمہ داریوں کا جلد اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی فیس بک اور ٹوئٹر اکائونٹ چل رہے ہیں، بیرسٹر سیف ہوں یا میاں عتیق، یہ سب جلد آپ کو پتا چل جائے گا۔

واسع جلیل نے کہا کہ مجھے یا دیگر رہنمائوں کو پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، دھمکیاں دینے کی سیاست ختم کی جائے، کوئی پریشان نہ ہو، جلد متحدہ کی قیادت پھر سے منظر عام پر آئے گی، واضح کردوں کہ ایم کیو ایم کا مطلب بانی ایم کیو ایم ہے۔

میڈیا ہاؤسز پر حملے اور پاکستان مخالف تقریر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کام صرف الطاف بھائی نے نہیں عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی کیا، صرف الطاف بھائی ہی کیوں؟؟ ایک شخص کو گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل ذہنی ٹارچر کا نشانہ بنایا جارہا ہے تو ایسی باتیں تو سنیں کو ملیں گی۔

سوال پوچھا گیا کہ الطاف حسین تو مزے سے لندن میں زندگی گزار رہے ہیں تو ان پر کیا ذہنی دبائو ہے تو واسع جلیل نے کہا کہ ایک کمرے اور ایک گھر میں مقید ہوکر، گھریلو زندگی تباہ کرکے اور صرف ایک پارٹی لائف اختیار کرکے کوئی زندگی گزار کے دکھا دے تو اپنا نام بدل دوں گا، یہ کہنا غلط ہے کہ وہ آرام دہ زندگی گزار رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں