ممبئی: ویلکم فرنچائز کی تیسری پیشکش ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی شوٹنگ جاری ہے اور اب اس میں مزید دو نامور اسٹارز کو شامل کیا گیا ہے۔
تفریح سے بھرپور فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے اور ایسے میں مداحوں کو جیکی شروف اور آفتاب شیودسانی کی پروجیکٹ میں شمولیت سے انتہائی خوشی ہوئی۔
جیکی شروف اور آفتاب شیودسانی فلم میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
ملٹی اسٹارر فلم کی شوٹنگ ممبئی میں جاری ہے اور اس کی کاسٹ میں اکشے کمار، سنجے دت، سنیل شیٹی، ارشد وارثی، جانی لیور، راجپال یادو، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، جیکلین فرنانڈز، دیشا پٹانی و دیگر شامل ہیں۔
یہ صرف ایک فلم ہی نہیں بلکہ بھرپور تفریح کا سامان ہے۔ فیروز اے ناڈیاڈوالہ کی پروڈکشن اور احمد خان کی ہدایت کاری میں بننے والی سُپر کامیڈی فلم 20 دسمبر 2024 کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
اس میں شامل کرداروں نے انوکھے انداز میں فلم کا اعلان کیا تھا۔ جیو اسٹوڈیو کی جانب سے ریلیز کی گئی ویڈیو میں فنکاروں کو ایک جنگل میں فوجی لباس میں دیکھا گیا۔
2007 میں انیس بزمی کی ہدایتکاری میں بننے والی سُپرہٹ فلم ’ویلکم‘ میں نانا پاٹیکر نے (اُدے شیٹی) جبکہ اداکار انیل کپور نے (مجنوں بھائی) کا کردار نبھایا تھا۔
ان کرداروں کے ڈائیلاگز آج بھی لوگوں کو یاد ہیں اور اکثر میمز کا حصہ بھی رہتے ہیں۔ دونوں نے ویلکم فرنچائز کی دوسری قسط میں بھی مرکزی کردار نبھایا تھا تاہم تیسری قسط میں دونوں شامل نہیں۔