کراچی: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا چالان کرنا ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کو مہنگا پڑ گیا، آصف بھگیو کا تبادلہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ٹو میں کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شاہراہ فیصل پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا کالے شیشوں، فیسی نمبر پلیٹ پر چالان کیا گیا تھا اور آج آصف بھگیو کا تبادلہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ٹو میں کردیا گیا ہے۔
ایس ایس ایس آصف بھگیو نے کالے شیشوں، فینسی نمبر پلیٹ پر چالان کیا تھا، ذرائع کے مطابق تبادلے کے نوٹیفکیشن میں ایس پی آصف بھگیو کا نام پہلے سے شیڈول نہیں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز موسیٰ گیلانی کو بھی کالے شیشوں والی گاڑی کے ساتھ روکا گیا اور ان کا جرمانہ کیا گیا گاڑی پر سابق وزیراعظم پاکستان کے الفاظ درج تھے۔
مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم کے بیٹے کا کراچی میں چالان
موسی گیلانی سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ اچھا ہے قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے ، گاڑی کے اندھے شیشوں پر ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ گاڑی ان کی نہیں بلکہ کسی دوست کی ہے‘۔ جب ان سے فینسی پلیٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’وہ اس لیے لکھا ہے کہ جب والد کراچی آتے ہیں تو یہ گاڑی استعمال کرتے ہیں اور ابھی اس پر غلاف چڑھا ہوا ہے‘۔
اس حوالے سے موقع پر موجود ایس ایس پی ٹریفک ساؤ تھ زون آصف بوگھیو نے کہا کہ یہ ایک اچھی مثال قائم ہورہی ہے کہ قانون بلا تفریق سب کے خلا ف حرکت میں آرہا ہے ، اس سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے موسی ٰ گیلانی کے عمل کو بھی سراہا کہ انہوں نے خوشدلی سے چالان قبول کیا اور اب اسے جمع کراکر آگے اپنی منزل کی طرف جائیں گے ۔ تمام با اثر افراد کو اسی طرح قانون کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔