کراچی: شہرقائد میں سردی کی پہلی لہر نے ہی کراچی کو ٹھنڈاٹھار کردیا، علی الصبح درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا، صبح سویرے شہر میں ٹھنڈ پڑی، موسم سرما کی آمد سے گرم کپڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں علی الصبح درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد نمی کے تناسب میں واضح کمی واقع ہوئی، ہوا میں نمی کا تناسب39فیصد ہے، شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، صبح وشام کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد اور خشک ہوگا۔
تین روز قبل ہی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کراچی سے 675 کلوميٹر دور ہے، کراچی ميں7 نومبر سے جزوی سردی کی لہر داخل ہورہی ہے، سردی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت18 سے 20 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
کراچی کے شہری سردی کی واپسی پر خوش ہيں، جبکہ ٹھنڈ بڑھنے سے خشک ميوہ جات، سوپ اور مچھلی بيچنے والوں کی بھی چاندی ہوجائے گی۔