خاتون زبان سے تو اکثر آپس میں تکرار کرتی پائی جاتی ہیں تاہم جم میں ایک خاتون نے دوسری خاتون کی پوری انگلی ہی دانتوں سے چبا ڈالی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسکو میں واقع جمناسیو گریٹ فٹنس ایکسرسائز سینٹر میں لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب پہلی خاتون کو دوسری خاتون کے دیر تک جم مشین استعمال کرنے پر اعتراض ہوا۔
روسانا نامی خاتون نے لیٹیشیا نامی خاتون پر الزام لگایا کہ اس نے مونٹیری کے ایکسرسائز سینٹر میں لیگ پریس کو زیادہ دیر تک استعمال کیا۔
مذکورہ واقعہ یکم اپریل کو پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں، 66 سالہ لیٹیشیا کو مخالف خاتون پر چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے بعدازاں دونوں گھتم گھتا ہوگئیں۔
وہاں موجود لوگوں کی جانب سے انھیں الگ کرنے کی کوشش کرنے کے باوجود، 44 سالہ روسانا نے لیٹیشیا کو بالوں سے پکڑ کر جم کے فرش پر گھسیٹنا شروع کر دیا۔ اس دوران لیٹیشیا نے اپنی حریف کی انگلی پر شدید انداز میں کاٹ لیا۔
روسانا کو بعد میں احساس ہوا کہ اسے انگلی پر بری طرح کاٹا گیا ہے، وہ اپنی انگلی کو اس حالت میں دیکھنے کے بعد بے ہوش ہو گئی۔
خاتون کو ہوش میں لانے کے لیے جم کے عملے کا ایک رکن اسے تولیہ سے پنکھا جھلتا رہا جبکہ دوسرے لوگ اس کے لیے پانی اور فوری طبی امداد کے لیے میڈیکل کٹ لےکر آئے۔
بعد میں لی گئی تصاویر میں روسانا کا دایاں ہاتھ واضح ہے جس میں روسانا کی چھوٹی انگلی کا اوپری حصہ غائب ہے۔
موقع پر پہنچ کر پولیس نے انگلی چبانے والی اور زخمی خاتون دونوں کو گرفتار کرلیا جب کہ جم منیجر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان دونوں کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔