نیویارک : عالمی بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ دوہزار سترہ میں بہتری لانے والے دس ممالک میں اس سال پاکستان بھی شامل ہے، پاکستان کی رینگنگ میں چار درجے کی بہتری بھی ہوئی ہے۔
عالمی بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک سو چوالیس ویں نمبر پر آگیا ہے، گزشتہ سال پاکستان کا رینک ایک سو اڑتالیس واں تھا، پاکستان نے پراپرٹی ٹرانسفر اور کراس باڈر تجارت کے شعبے میں بہترکارکردگی دکھائی ہے، قرضوں کا حصول بھی پاکستان میں آسان ہوا ہے ۔
عالمی بینک کے مطابق اب بھی مقامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے، ان میں بجلی کا حصول اور معاہدہ پر عمل درآمد شامل ہے۔
مزید پڑھیں : ڈوئنگ بزنس2016، پاکستان کی رینکنگ میں 10 درجے کمی
پاکستان نے ٹیکس کے شعبے میں کافی بہتری کی ہے لیکن اب بھی معاشی اصلاحات جاری رکھنا ہونگی، جو روزگار اور معاشی ترقی میں اضافے کا باعث بنیں گی۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان رپورٹ کے مطابق اصلاحات کرنے والے 10 صف اول کے ممالک میں بھی شمار کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں رپورٹ میں پراپرٹی ٹرانسفر میں اصلاحات کرنے‘ بیرونی تجارت کو آسان بنانے کے حوالے دیئے گئے ہیں۔