9 C
Dublin
پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ: انگلش بولرز نے بھارتی ٹیم کو 229 رنز تک محدود کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے اب تک کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کو 230 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلش بولرز نے بھارتی بلے بازوں کو قابو کرتے ہوئے انھیں صرف 229 رنز تک محدود رکھا۔ 50 اوورز میں میزبان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا سکی۔

کپتان روہت شرما 87 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ مڈل آرڈربیٹر سوریا کمار یادیو 49 اور کے ایل راہول 39 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ویرات کوہلی کو صفر کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔

- Advertisement -

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوٹ ویلی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 45 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کرس ووئیکس اور عادل رشید بھی کفایت بولنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل لکھنو کے اٹل بہاری باجپائی اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے 29 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلش کپتان کا یہ فیصلہ بولرز نے ابتدا میں 3 وکٹیں لے کر درست ثابت کر دیا۔

40 رنز پر تین وکٹیں گر جانے کے بعد کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول نے احتیاط کا دامن تھامتے ہوئے اسکور بورڈ کو آہستہ آہستہ متحرک رکھا۔ اس دوران شرما نے میگا ایونٹ میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی۔

بھارت کا 30 اوور میں اسکور 131 رنز تک پہنچا تھا کہ کے ایل راہول نے ویلے کو اونچا شاٹ مارنے کی ناکام کوشش کی اور باؤنڈری لائن کے قریب جونی برسٹو کا کیچ بن گئے۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 91 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔

اس سے قبل انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ٹورنامنٹ میں اچھا نہیں کھیل سکے ہیں تاہم آج ٹاپ ٹیم کے خلاف اچھا پرفارم کرنا اور اپنا بہترین کھیل دکھانا چاہتے ہیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں ٹاس سے اتنا فرق نہیں پڑتا اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کی فتوحات لگا تار تو انگلش ٹیم مسلسل شکستوں سے دو چار ہے۔ میگا ایونٹ میں انڈیا اب تک اپنے پانچوں میچ جیت کر نا قابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جب کہ انگلینڈ نے پانچ میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے اور دو پوائنٹ کے ساتھ سب سے نچلی (دسویں) پوزیشن پر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں