کراچی : ترقیاتی کاموں کے باعث ایکسپو سینٹر سے جیل روڈ تک ٹریفک جام ہوگیا، کئی ایمبولینس بھی ٹریفک میں پھنس گئیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، صبح کے وقت دفاتر اور اسکول جانے والے شہری اور بچے گھنٹوں سے ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔
نمائندہ اے آر وائی کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں واقع ایکسپو سینٹر سے جیل روڈ تک ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہے، جس کے باعث کئی گھنٹوں سے گٓاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
ٹریفک جام کے باعث کئی ایمبولینس بھی ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں جببکہ دفاتر جانے والے افراد ٹریفک میں رل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ شہر قائد میں 21 فروری سے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز ہورہا ہے، جس کے باعث شہر کی مختلف شاہراہیں بند کی جائیں گی جبکہ اس میں کچھ شاہراہیں صرف اسٹیڈیم جانے والے شائقین کےلیےکھولی جائیں گی۔