اداکارہ یشما گل کا کہنا ہے کہ ایسے شخص سے شادی کروں گی جسے میرے کام سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس دوران نجی زندگی سمیت دیگر معاملات پر اظہار خیال کیا۔
یشما گل نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی شادی اور ممکنہ شوہر پر بات کر چکی ہیں اور اب بھی ان کے وہی خیالات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جو ان کے کام، اوقات، اہل خانہ اور ماحول کو سمجھتا ہوگا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایسے شخص سے رشتہ ازدواج میں بندھیں گی جو کہ خاندان کی عزت کرنے والا ہوگا اور جسے ان کے شوبز میں کام کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
یشما گل کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی ایسے شخص سے شادی نہیں کریں گی، جنہیں اس کے شوبز میں کام کرنے سے مسئلہ ہوگا۔
اس سے قبل اداکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ جو بھی رشتے آتے ہیں وہ اداکاری چھوڑنے کی شرط رکھتے ہیں، اداکاری نے مجھے پہچان دی ہے اور یہ ایک جذبہ بھی ہے جس کی وجہ سے میرے لیے انڈسٹری چھوڑنا ایک مشکل فیصلہ ہوگا۔
نومبر 2024 میں یشما گل نے ایک ٹی وی شو کے دوران اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اچھے رشتے کی تلاش کیلیے میرج بیورو سے رابطہ کیا تھا اور ان سے 8 لاکھ فیس طلب کی گئی تھی۔
اس سے قبل اداکارہ نے شریک حیات میں موجود خصوصیات کے بارے میں گفتگو کی تھی۔
شو میں میزبان نے جب ان سے پوچھا تھا کہ وہ کس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی تو انہوں نے بتایا تھا کہ سب سے پہلے اس کا اخلاق اچھا ہونا چایے، وہ اصول پرست ہو اور سب سے بڑھ کر وہ خدا کا خوف رکھتا ہو۔