تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

فلم اسپائیڈر مین دیکھنے کا نفسیاتی فائدہ

ہم میں سے اکثر افراد کسی نہ کسی شے کے خوف کا شکار ہوتے ہیں جو اکثر اوقات ہمیں پریشانی میں بھی مبتلا کرسکتا ہے، ایسا ہی ایک خوف مکڑیوں کا بھی ہے جسے اریکنو فوبیا کہا جاتا ہے۔

8 ٹانگوں والی یہ مخلوق چاہے جسامت میں چھوٹی ہو یا بڑی اکثر افراد کا دل دہلا دیتی ہے۔ مکڑی کا کاٹا بھی بہت خطرناک ہوتا ہے اور حساس جلد والے افراد اس کے کاٹنے کے بعد الرجی کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔

تاہم کچھ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جو اسے دیکھتے ہی بے تحاشہ خوف کا شکار ہوجاتے ہیں، ماہرین نے ایسے ہی افراد کے لیے خوشخبری دی ہے کہ ایسے افراد صرف 7 سیکنڈ میں اپنے خوف پر قابو پاسکتے ہیں۔

اس طرح کے خوف کو دور کرنے کے لیے ماہرین نفسیات کے پاس جانا اور ان کا علاج خاصا مہنگا پڑ سکتا ہے تاہم اسرائیلی ماہرین نے اس کا نہایت سستا طریقہ دریافت کرلیا ہے اور وہ کچھ اور نہیں بلکہ فلم ’اسپائیڈر مین‘ دیکھنا ہے۔

اسپائیڈر مین جو مکڑی کی طرح بلند و بالا عمارات پر چڑھتا اترتا دکھائی دیتا ہے، اپنے اندر ایک اور خصوصیت رکھتا ہے اور وہ ہے مکڑی کا شکار افراد کو اس خوف سے نجات دلانا۔

اس تجربے کے لیے ماہرین نے اریکنو فوبیا کا شکار دو گروپس کا انتخاب کیا، ایک گروپ کو مارول کی عام فلم دکھائی گئی جبکہ دوسرے گروپ کو اسپائیڈر مین فلم کا 7 سیکنڈ کا ایک منظر دکھایا گیا۔

اس سین میں ایک دفتر کا منظر دکھایا گیا ہے، چند سیکنڈ کے بعد کیمرے کا فوکس بدلتا ہے تو چھت پر بنا ہوا مکڑی کا جالا دکھائی دینے لگتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف یہ سین دیکھنے کے بعد مکڑی کے خوف کا شکار افراد نے اپنے خوف میں 20 فیصد کمی محسوس کی، اس کے برعکس مارول کی دوسری فلم دیکھنے والے افراد کا خوف جوں کا توں رہا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار ایک اور خوف مرمکوفوبیا میں بھی کمی کرسکتا ہے جو چونٹیوں کا خوف ہے۔ اس مقصد کے لیے فلم ’آنٹ مین‘ کا ایک منظر دکھایا جاتا ہے، اس تجربے کے نتائج بھی یکساں موصول ہوئے۔

ماہرین کے مطابق یہ طریقہ کار ایکسپوژر تھراپی جیسا ہے، جس میں لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ انہیں جس چیز کا خوف ہے وہ اس شے کا زیادہ سے زیادہ سامنا کریں۔ مثال کے طور پر فضائی سفر سے خوفزدہ افراد کو زیادہ سے زیادہ فضائی سفر کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ تعین کرنا باقی ہے کہ آیا یہ طریقہ طویل المدتی اثرات مرتب کرسکتا ہے یا نہیں، اور کیا اسپائیڈر مین کی پوری فلم دیکھنے والے افراد پر بھی یکساں اثرات مرتب ہوں گے یا صرف مذکورہ بالا 7 سیکنڈ کا سین دیکھنے والے ہی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -