ماہر معیشت ظفر موتی والا نے متحدہ حکومت کی پالیسییوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آتے ہی مراعات کا اعلان کردیا، بادشاہت میں بھی خزانہ خالی ہوتا تھا تو مراعات نہیں دی جاتی تھیں، یہ لوگ سیاست بچانے نکلے ہیں ریاست بچانے نہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘دی رپورٹرز’ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت ظفر موتی والا نے کہا کہ ڈالر اوپر جانے سے پتہ لگتا ہے کہ ملک کے ڈیفالٹ کا خطرہ کتنا بڑھ گیا، اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے بھی ملک کی معاشی حالت کا پتہ چل رہا ہے، بادشاہت میں بھی خزانہ خالی ہوتا تھا تو مراعات نہیں دی جاتی تھیں، موجودہ حکومت نے آتے ہی مراعات کا اعلان کردیا۔
ظفر موتی والا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جاتے ہیں یا دوست ملکوں کے پاس لیکن پہلے صورتحال تو دیکھیں، ہمیں بھی پتہ ہے سبسڈی ہٹے گی تو مہنگائی آئے گی، سبسڈی ہٹا کر اصل قیمتوں پر آئیں گے تو آئی ایم ایف جان چھوڑے گا، موجودہ حکومت اس وقت اپنے الیکشن کا سوچ رہی ہے، یہ سمجھتے ہیں سبسڈی ہٹائیں گے تو مہنگائی بڑھے گی الیکشن میں نقصان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘معیشت ہر گزرتے دن کے ساتھ تباہی کی جانب جارہی ہے’
انہوں نے کہا کہ سبسڈی نہیں ہٹاتے تو ملک ڈیفالٹ ہونے کی طرف جارہا ہے، حکومت فیصلہ نہیں کر پارہی دورائے پر تقسیم ہے، جو سبسڈی اس وقت دی جارہی ہے اس سے ملک کا قرض بھی بڑھ رہا ہے، ڈالر اوپر جانے سے بھی ملکی قرض میں اضافہ ہورہا ہے۔
ماہر معیشت کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عالمی اداروں کیساتھ معاملات طے نہیں کر پارہی، یہ لوگ سیاست بچانے نکلے ہیں ریاست بچانے نہیں۔