منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

تین دن سے لاپتا 5 سالہ زینب کا پتا نہ چل سکا، غم سے نڈھال والدین کی اے آر وائی سے گفتگو

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر عیدگاہ میدان سے تین دن قبل لاپتا ہونے والی پانچ سالہ بچی زینب کا کچھ پتا نہ چل سکا، والدین بچی کے غم میں نڈھال ہو گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر عیدگاہ میدان کے قریب سے 30 ستمبر کو اغوا ہونے والی بچی کا تاحال پتا نہ چل سکا ہے، جس کی وجہ سے 5 سالہ زینب کے گھر والے شدید کرب و اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ملیر مسلم آباد محلے میں رہائش پذیر اس چھوٹے سے خاندان کی زندگی کی خوشیاں معصوم بچی کی گم شدگی کے بعد مدھم پڑ گئی ہیں، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کی دکھی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کھیلنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، پانچ بجے شام کا وقت تھا، اس کے بعد وہ واپس نہیں آئی، نہ ہی اس کا کوئی پتا چل سکا ہے۔

- Advertisement -

بچی کی تلاش کے لیے گھر والوں نے پمفلٹ بھی چھاپ کر جگہ جگہ تقسیم کر دیا ہے جس پر لکھا ہے کہ لاپتا ہونے کے وقت بچی نے گلابی رنگ کے کپڑے پہنے تھے۔

والدہ کے غم میں لوگوں کی باتوں سے بھی مزید اضافہ ہو رہا ہے، انھوں نے دکھی دل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ بچی اغوا ہو گئی ہوگی، تو کوئی کہہ رہا ہے کہ نالی میں ڈوب گئی ہوگی۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بچی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی تلاش کے لیے پولیس کارروائی جاری ہے لیکن بچی کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

تین دن سے لاپتا بچی کے والدین نے حکام سے درخواست کی ہے کہ ان کی بیٹی کو محفوظ اور سلامت گھر لوٹایا جائے۔

واضح رہے کہ ملیر عیدگاہ میدان مینگل اسکول کے قریب سے زینب کے اغوا کا قائد آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی تلاش جاری ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں