اسلام آباد: وفاقی وزیرِ مملکت برائے صحت سائرہ افضل نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ میں تیزی سے پھیلنے والی بیماری ایبولا کی پاکستان منتقلی کے امکانات بہت کم ہیں تاہم حکومت ہرقسم کے حفاظتی اقدامات کررہی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں وفاقی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایبولا وائرس پھیلنے کے امکانات بہت کم ہیں ۔ مغربی افریقہ کے ایبولا سے متاثرہ ملک لائبیریا میں پاکستانی فوج کی دو بٹالین موجود ہیں جنھوں نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔
وزیرِمملکت نے کہا کہ ایبولا کی روک تھام کے لئے خارجی اور داخلی پوائنٹس پرعملہ تعینات کردیا گیا ہے، ایبولا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے تمام افراد کی اور خصوصاً مشتبہ مریضوں کی تفصیلی طبی ہسٹری لی جائے گی اور ضروری ہوا تو ایسے مسافروں کو اکیس دن تک زیرِ مشاہدہ رکھا جائے گا۔
عالمی ادارہ صحت نےخبردارکیا ہے کہ ایبولا کے پاکستان میں پھیلنے کی صورت میں اس پرقابو پانا مشکل ہوگا۔