وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی )کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران حل کرنے کی کوششوں کی رفتار بڑھائے تاکہ ملکی معیشت بحال ہو سکے اور جی ایس پی کی سہولت حاصل کرنے کی کوشش اکارت نہ جائے۔.
داخلی اور خارجی محاذ پر از سر نو کوششیں کی جائیں تاکہ تاخیر کا شکارکالا باغ ڈیم اور ایران سے گیس درآمد کرنے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جا سکے ورنہ انرجی سیکورٹی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے ، جہاں قدرتی گیس جیسے ماحول دوست ایندھن کی قلت کے باوجوداس سے بجلی گھر چلائے جا رہے ہیں جو ظلم ہے،مشرف دور کی اس مہلک پالیسی کو ختم کر کے انھیں جلد از جلد کوئلے اور فرنس آئل پر منتقل کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے مابین معدنی وسائل کی ملکیت پر نہ ختم ہونے والے جھگڑے نے ترقی کے عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ ڈیم بننے سے کوئی صوبہ متاثر نہیں ہو گا تاہم تاخیر سے ملک صحرابن جائے گا، اب ذاتی،سیاسی اور علاقائی مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو اولیت دینے کا وقت آ گیا ہے ورنہ سب کو پچھتانا پڑے گا۔