حافظ آباد : کروڑوں روپے مالیت کے شیشم کے درخت بااثر افراد کی سرپرستی میں کاٹ کر فروخت کئے جارہے ہیں۔ درخت ماحول دوست ہیں۔مگر انہیں ختم کرنے کے لئے دشمن موجود ہیں۔
حافظ آباد کے نواحی گاؤں گاجرانوالی میں ایک سو تین کنال پر پھیلے ہوئے تھے کروڑوں روپے کی مالیت کے شیشم کے درخت۔ لیکن اب یہاں صرف رہ گئی ہے مٹی۔یہ زمین حکومت پنجاب کی ملکیت ہے جہاں شیشم کے درختوں کو علاقے کے بااثر افراد کی نگرانی میں کاٹ کر فروخت کیا جارہاہے۔
اہل علاقہ نے دو ماہ پہلے اس واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ جلالپور بھٹیاں میں درج کرائی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ ڈی سی او اور ڈی پی اوحافظ آباد کو بھی درخواست دی گئی اورعلاقے کے لوگوں نے اس چوری پر احتجاج بھی کیا لیکن کچھ فرق نہ پڑا۔