راولپنڈی :راولپنڈی کسٹم خصوصی عدالت کے جج چوہدری ممتاز خان نے ائرپورٹ منی لانڈرنگ کیس میں ملک کی معروف ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی ہے۔
ٹاپ ماڈل ایان علی کوعدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ایان نے ڈالر اسمگلنگ کا اعتراف کرلیا ہے، پانچ سال تک سزا ہوسکتی ہے۔
ایان علی کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت بے نظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کسٹم حکام نے 5لاکھ سے زائد امریکی ڈالر دوبئی لے جانے کی کوشش میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا، ایان علی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا تھا۔
ایان علی کے والد محمد حفیظ نے بیٹی کی ضمانت کے لئے درخواست دائر کی، فاضل عدالت نے ان کے وکیل کے دلائل سے اتفاق نہ کرتے ہوئے درخواست ضمانت خارج کردی۔
اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ایان علی کے والد نے بتایا کہ بیٹی کے ساتھ ایسےسلوک پر بہت دکھ ہوا، ایک سازش کے تحت ان کی بیٹی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بیٹی سے جیل میں ملاقات کے بعد حقائق منظر عام پر لاؤں گا، ان کی بیٹی نے یہ رقم اپنی پراپرٹی فروخت کر کے حاصل کی تھی، ایک میری ہی بیٹی کے معاملے کو کیوں اچھالا جارہا ہے جبکہ اس ملک میں بڑے بڑوں اربوں کرو ڑوں کی منی لانڈرنگ کی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقدمہ کے تفتیشی آفیسر کسٹم انوسٹی گیشن زرغام خان کا کہنا تھا کہ ایان علی نے رقم برآمد ہونے پر اعتراف کرلیا ہے کہ یہ رقم اس کی ملکیت ہے۔
ٹاپ ماڈل کےبیگ میں کس کی رقم تھی، اس پرطرح طرح کی قیاس آرائیاں ہورہی ہیں، بعض سیاستدانوں کے نام بھی لیےجا رہےہیں، ایان گانوں اورماڈلنگ سے اتنی مشہورنہیں ہوئیں، جتنی اب بدنامی ہوگئی ہے۔