ایڈیلیڈ : ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ میں ناقص امپائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک بھارت میچ میں تھرڈ امپائر نے ٹیکنالوجی کو نظر انداز کرکےعمراکمل کو متنازعہ آؤٹ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں ناقص امپائرنگ کا ایک اور متنازعہ فیصلہ سامنے آیا ۔ اس بار غلط فیصلے کی بھینٹ عمراکمل چڑھے۔ جدیجا کی گیند پر آن فیلڈ امپائر نے عمراکمل کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا، جس پر بھارتی کپتان دھونی نے ریویو لیتے ہوئے تھرڈ امپائر کا سہارا لیا۔
تھرڈ امپائر اسٹیو ڈیوس نے اسنیکو میٹر پر لہریں ظاہر نہ ہونے کے باوجود عمر اکمل کو آؤٹ قرار دے دیا۔ ٹیکنالوجی کی موجودگی میں عمراکمل کو غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھایااور فیصلہ بھارت کے حق میں دے دیا.
کمنٹیٹرز نے بھی عمراکمل کے آؤٹ دیئے جانے کو مشکوک قرار دیا۔ قوانین کے مطابق شق کی بنیاد پر فیصلہ بلے باز کے حق میں دیا جاتا ہے، لیکن عمراکمل کے فیصلے پر آئی سی سی نے دہرا معیار اپناتے ہوئے غلط فیصلہ دیکر عمراکمل کو مشکوک آؤٹ دیا۔
گذشتہ روز انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بھی امپائرنگ کا بلنڈر دیکھنے کو ملا، اینڈرسن کو غلط آؤٹ دینے کے بعد آئی سی سی نے انگلش ٹیم سے تحریری طور پر معافی مانگ لی تھی۔