کراچی :سیاسی میدان میں گرماگرمی کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی سب سے بڑی مندی کی لپیٹ میں آگئی ہے اور کاروبار کے آغاز پر بازار حصص ہنڈریڈ انڈکس میں بارہ سو سے زائد پوانٹس گر گیا ہے اور شیئرز کی قیمتیں لور لاک کے قریب اگئی ہیں۔ واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب مارچ اور پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال نے تاجروں صنعتکاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز ہی شدید مندی سے ہوا ۔جس میں کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں بارہ سو پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھی گئی، ملک میں جاری سیاسی ہلچل نے کراچی میں اسٹاک مارکیٹ کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔آزادی مارچ اور طاہرالقادری کی جانب سے انقلاب مارچ کے اعلان کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہوگئی ۔
ہنڈرڈ انڈیکس میں بارہ سو سے زائد پوائنٹس کمی کے بعد اٹھائیس ہزار پوائنٹس کی اس سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق سیاسی صورتحال میں اگر بہتری نہ ہوئی تو اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں رہے گی۔اسٹاک مارکیٹ میں آج ہونے والی شدید مندی کو تاریخ کی سب سے بڑی مندی قرار دیا جارہا ہے۔