ہنگری کی صدر کاتالین نوواک نے مجرم کی سزا معاف کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگری کی صدر کاتالین نوواک نے بچوں کے جنسی استحصال کے مجرم کی سزا معاف کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مجرم کی سزا معاف کرنے کے فیصلے پر انہیں ملک بھر میں تنقید کا سامنا تھا اور عوام ان کے استعفے کا مطالبہ کررہی تھی، نوواک نے ٹی وی پر لائیو آ کر اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ معافی دینے کے فیصلے میں مجھ سے غلطی ہوئی۔
صدر نوواک نے قومی ٹیلی ویژن چینل پر کہا ’’میں صدر کی حیثیت سے آپ کو آخری بار مخاطب کر رہی ہوں، میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔ میں ان لوگوں سے معافی مانگتی ہوں جن کو میری وجہ سے تکلیف پہنچی ہے‘‘۔
واضح رہے کہ نوواک نے اپریل 2023 میں پوپ فرانسس کے دورے سے پہلے تقریباً دو درجن لوگوں کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان میں چلڈرن ہوم کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل تھے، جنہوں نے وہاں کے سابق ڈائریکٹر کو اپنے جرائم چھپانے میں مدد کی تھی۔