خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کےعمل کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی، جس کے بعد متعلقہ محکموں کی ایک کمیٹی قائم کردی گئی جوایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد ڈی جی الیکشن کمیشن شیرافگن نے میڈیا کو بتایا کہ سندھ اور پنجاب میں انتخابی عمل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔ سندھ حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرتی ہے تو آئندہ کی صورتحال کے مطابق پیش رفت ہوگی۔
شیرافگن کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرزکی چھپائی کیلئے مہلت کا معاملہ غور وخوض کیلئے کمیشن کے سامنے رکھ دیا گیا ہے تاہم تیرہ جنوری کو بیلٹ پیپرکی چھپائی شروع کردی جائے گی، شیرافگن نے بتایا کہ خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو قبائلی علاقوں تک توسیع دیدی ہے۔
دوہفتوں تک رولز اور حلقہ بندیاں مکمل کرکے تفصیلات پیش کردی جائیں گی، چھاؤنیوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق لوازمات مکمل کرنے کیلئے کمیشن سے ایک ہفتے کی مہلت طلب کرلی گئی ہے، جب کہ وزارت داخلہ کواسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی اور دیگر تفصیلات ایک ہفتے میں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔