کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے، مہم کے دوران لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
کراچی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، سولہ ٹاون کی چھیاسی یونین کونسلوں میں پانچ سال کی عمر کے بچوں کو ویکسین کے قطرئے پلائے جائیں گے، مہم کےدوران پانچ لاکھ ستر ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ایک ہزار سات سو چھ موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر ویکسین دیں گی ۔
سولجر بازار،کورنگی اور بلدیہ ٹاون کی بعض یوسی میں پولیو مہم تاخیر کا شکار ہے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے آٹھ اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔ پشین، قلعہ عبداللہ،لورالائی، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں مہم تین روز تک چلےگی۔ چھ لاکھ تہتر ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
راولپنڈی اور لاہور کی حساس یونین کونسلزمیں انسداد پولیو مہم کے دوسرےمرحلے کے دوران بارہ لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ بنوں میں بھی تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی، چودہ ہزار آئ ڈی پیز بچوں سمیت ایک لاکھ چونسٹھ ہزار بچوں کوقطرے پلائے جائینگے۔
ایف آربنوں میں بیالیس ہزار ستائیس بچوں کو جبکہ پانچ ہزار آٹھ سو تراسی آئی ڈی پیز بچوں کو قطرے پلائے جائینگے، ادھر شبقدرمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیو ورکر شدید زخمی ہوگیا۔