تازہ ترین

وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ

کراچی : وزیرِاعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ٹیلیفون کر کے بے گناہ کارکنان کو رہا کرانے کی یقین دہانی کرادی ہے، پیپلز پارٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ  معاملہ جلد حل کرلیا جائے گا، گرفتاریاں ٹارگٹڈ کارروائیوں کا تسلسل ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ کی جانب سے الطاف حسین کو ٹیلیفون کیا گیا، قائم علی شاہ نے متحدہ قائد کو کارکنان کے معاملے پرکردار ادا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی بے گناہ ہوا اسے رہا کرایا جائے گا۔

اس سے قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے پرامن کارکنوں کو بلا جواز گرفتارکیا جارہا ہے،کچھ عناصر محب وطنوں کو فوج کاغدار بنانے پرتلے ہوئے ہیں، انکا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد کھلے عام دہشت گردی کررہے ہیں لیکن ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کےبجائے ایم کیوایم کے دفاتر پرچھاپے مارے جارہے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر آغا سراج دُرانی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کی گرفتاری کا معاملہ وزیرِاعلیٰ سندھ خود ہینڈل کر رہے ہیں،  اتحادیوں سے گزارش ہے کہ صبر سے کام لیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے گرفتاریاں ٹارگٹڈ کارروائیوں کا تسلسل ہے،  پیپلز پارٹی کے رہنماء منظور وسان کا کہنا تھا کہ بات کو بڑھایا نہ جائے، اگر گرفتاریاں بے گناہ لوگوں کی ہوئیں تو رہائی ملنی چاہئے۔

سندھ کی تقسیم کے معاملے پر پی پی اراکین کا کہنا تھا کہ سندھ سندھ تھا اور رہے گا۔

Comments

- Advertisement -