لاہور: پاکستان اور فرانس کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور دستیاب مواقع سے استفادے کیلئے فرانسیسی تاجروں کا اعلیٰ سطحی وفد آئندہ پاکستان کا دورہ کرے گا ۔
فرانس کی سفیر مسز مارٹین ڈورنس نےلاہور چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی وفد کا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرے گا بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بڑی فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ تصور کرتیں ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے بے چین ہیں۔
بہت سی فرانسیسی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے فارماسیوٹیکل، کیمیکلز، ٹیلی کمیونیکیشن ایکویپمنٹ، آئل مارکیٹنگ، ٹیکسٹائل اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اس موقع پر کہا کہ فرانس پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے اور اس کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کو جی ایس پی سٹیٹس ملنے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔