تازہ ترین

کراچی:اہلسنت والجماعت کا آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

کراچی: اہلسنت والجماعت کی جانب سے کراچی میں کارکنوں کے مبینہ قتل اور گرفتاریوں کےخلاف دھرنا جاری ہے۔

اہل سنت والجماعت نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے، اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ آج دھرنوں کے شرکاء سمیت گورنر ہاؤس جائینگے اگر انھیں روکا گیا تو شہر بھر کی شاہراؤں پر دھرنے دیں گے، اگر کارکنان کے خلاف ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کیے جائیں ۔

پاکستان میں مطالبات منوانے کے لئے دھرنا دینے کا رواج زور پکڑ گیا ہے، اہل سنت و الجماعت نے بھی حقوق کے حصول اور مطالبات کی منظوری کیلئےکراچی کی نمائش چورنگی پردھرنا دے ڈالا، اہل سنت و الجماعت کا مطالبہ ہے کہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور بلاجواز گرفتاریاں بند کی جائیں ۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے بعد گزشتہ دنوں دھرنا ختم کیا تھا لیکن حکومت نے وعدہ خلافی کی اب مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہیگا، اہل سنت و الجماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کو مقتل گاہ بنا دیا گیا ہے۔

دھرنے کے باعث گرومندر آنے اور جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے، سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اہلسنت والجماعت کے مطالبے پر ایس ایچ او پریڈی شاہ جہاں لاشاری کو معطل کردیا گیا جبکہ ایس پی صدر سلمان سیکا کو بھی تبادلہ کرکے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments

- Advertisement -