کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران خاتون سمیت 3افراد جان بحق اور 3زخمی ہوگئے۔
پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے35سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس حکام کے مطابق تھانہ سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد سی ون ایریا کے ایک گھر میں فائرنگ سے 35سالہ ارفع نامی خاتون لقمہ اجل بن گئی۔
لیاری میں کلاکوٹ اور کھڈامارکیٹ کے علاقوں سے دوافراد کی لاشیں ملیں، لیاری موسی لین اور ماڑی پور روڈ آئی سی آئی برج کے قریب بھی فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے، کھارادر میں ٹاور کے قریب فائرنگ سے دو افراد خمی ہوگئے۔
نیوکراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا، ملزمان قتل،پولیس مقابلوں،ڈکیتیوں،منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
سپر ہائی وے سے بھی پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو گرفتار کیا، ادھررینجرز نے شہر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں ٹارگیٹڈ اپریشن کرتے ہوئے26ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق زیر حراست ملزمان میں کالعدم تنظیم کے کارندے، لیاری گینگ وار میں ملوث ملزمان اور بھتہ خور بھی شامل ہیں، جن سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔