اسلام آباد/ کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 8 ماہ میں 10 لاکھ افراد پاکستان سٹیزن پورٹل میں رجسٹرڈ ہوئے، یہ نظام اور اس کی افادیت پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر دس لاکھ افراد کی رجسٹریشن اس نظام کی افادیت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے افراد تک پہنچنے کے لیے اب سرکاری اور سیاسی سفارش کی ضرورت نہیں رہی ہے۔
On the resolution front: a total of 6,80,000 complaints were resolved out of 8 lakh complaints registered so far. This is true citizen’s empowerment. This is Naya Pakistan!#PMHazirHai https://t.co/di8fzu12hu
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 18, 2019
انھوں نے مزید کہا کہ اب تک 8 لاکھ میں سے 6 لاکھ 80 ہزار شکایات حل ہو چکی ہیں، یہ عوامی طاقت کی سچی ترجمانی ہے، یہ ہے نیا پاکستان۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ : سٹیزن پورٹل میں مسافروں نے شکایات کے انبار لگادیئے
دریں اثنا، وزیر اعظم کے قائم کیے گئے شکایتی مراکز سے شہریوں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے، پاکستان سٹیزن پورٹل پر کراچی کے شہریوں نے پارک کی زمین پر قبضے کی شکایت درج کرائی تھی۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے شہری کی شکایت کے ازالے کے احکامات کے بعد چیف سیکریٹری نے کے ڈی اے کو زمین واگزار کرانے کے لیے احکامات جاری کیے، جس پر گلستان جوہر بلاک 3 میں پارک کی زمین پر ریسٹورنٹ اور دکانیں مسمار کر دی گئیں، کے ڈی اے کی جانب سے رپورٹ اور تصاویر چیف سیکریٹری کو ارسال کر دی گئیں۔
یاد رہے کہ تین دن قبل وزیر اعظم کی قائم کردہ سٹیزن پورٹل میں شکایتوں کی بھرمار پر اسلام آباد ایئر پورٹ منیجر سے وضاحت طلب کی گئی تھی، معلوم ہوا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر آنے والے مسافروں کو مختلف مراحل میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز پر وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔