تازہ ترین

’دنیا کے 22 ممالک ایرانی ڈرونز خریدنے کے خواہشمند‘

ایران کی تینوں مسلح افواد کے کمانڈر ان چیف کے معاون اور سینئر مشیر جنرل یحییٰ صفوی نے کہا ہے کہ ایران نے ڈرون ٹیکنالوجی میں بھرپور ترقی کی ہے اور دنیا کے 22 ممالک ہم سے ڈرون خریدنے کے خواہشمند ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنرل یحییٰ صفوی نے یہ بات امام حسین (ع) یونیورسٹی میں سائنس و ٹیکنالوجی کے عنوان پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب سے قبل ایران 80 فیصد عسکری ساز و سامان کا بندوبست بیرون ممالک سے کرتا تھا اور اسلامی انقلاب کے بعد ایران 80 فیصد جنگی ساز و سامان اندرون ملک ہی تیار کر رہا ہے۔

جنرل یحییٰ صفوی ڈرون ٹیکنالوجی میں ایرانی ترقی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایسے مقام پر کھڑے ہیں جہاں دنیا کے 22 ممالک ہم سے ڈرونز خریدنے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ ایرانی ساختہ ڈرونز نے یوکرین میں تباہی مچائی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس نے ایران سے حاصل کیے ڈرونز سے دارالحکومت کیف پر چار حملے کیے، حملے میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ایران کے خفیہ ڈرون بیس نے دشمنوں کے ہوش اڑا دیے

روس نے ایرانی ڈرونز سے مرکزی ٹرین اسٹیشن اور میئر کے دفتر کو بھی نشانہ بنایا۔ ایران نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

دو ماہ قبل اگست میں ایران کی میزبانی میں ملٹری ڈرونز کے مقابلے ہوئے جس میں ایران، روس، بیلاروس اور آرمینیا نے حصہ لیا۔

خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے زمین دوز ڈرون بیس قائم کیا ہے جس میں 100 سے زائد ڈرونز موجود ہیں۔ ان ڈرونز پر میزائل بھی نصب ہیں۔

ڈرونز میں امریکی ہیلی کاپٹر ہیلفائر کا ایرانی ورژن بھی ہے جو فضا سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیس کے حوالے سے جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ان میں 100 ڈرونز زرگوز کے پہاڑوں میں رکھے گئے ہیں جن میں ابابیل فائیو بھی شامل ہیں۔

Comments

- Advertisement -