کراچی: دنیا کے 100 خوبصورت اور پرکشش شخصیات کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں اداکار فواد خان، عمران عباس، اداکارہ ماہرہ خان اور گلوکارہ مومنہ مستحسن کو نامزد کیا گیا ہے۔
ٹی سی کینڈلز کی جانب سے ہر سال دنیا بھر سے 100 پرکشش شخصیات کی فہرست جاری کی جاتی ہے، پاکستانی اداکاروں کے ساتھ اس فہرست میں کورین اداکار لی من ہو، اداکار ایان سمر ہالڈر ودیگر شامل ہیں۔
فہرست میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان، ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز، زیک ایفرون سمیت شوبز کی دنیا کے بڑے نام شامل ہیں، کینڈلز نے اس فہرست کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چند روز میں ووٹنگ کا عمل شروع کیا جائے گا جس کے بعد واضح ہوسکے گا کہ کون سا اداکار یا اداکارہ کس نمبر پر براجمان ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی اس فہرست میں دو پاکستانی اداکار فواد خان اور عمران عباس جگہ بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
اداکار فواد خان نے بھارتی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور انہیں بھارتی ایوارڈ فلم فیئر سے بھی نوازا گیا تھا۔