پاکستانی فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی مشہور گلوکارہ مہناز بیگم کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا۔ لیکن اُن کے سُریلے گیت آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھول رہے ہیں۔ 1958ء کوپیدا ہونے والی مہناز نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنی والدہ کجن بیگم سے حاصل کی۔ 70ء کی دہائی میں انھوں نے پلے بیک سنگرکی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ان کی سریلی آواز کا جادو چل گیا۔
انھیں سروں پر مکمل عبور حاصل تھا۔ یہی وجہ ہے کہ موسیقاروں میں بھی وہ بے حد مقبول تھیں۔
آخری دنوں میں ان کی علالت کی وجہ سے امریکہ لے جایا جا رہا تھا مگر دوران پرواز ہی ان کی طبیعت بگڑنے کی وجہ سے جہاز کو بحرین میں اتارنا پڑا اور ہسپتال لے جانے کے باوجود وہ بچ نہ سکیں ۔ مہناز کا انتقال 19جنوری 2013 کو ہوااورانھیں کراچی کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔