جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جاؤں گا،وزیراعظم کا بنوں میں خطاب

اشتہار

حیرت انگیز

 بنوں: وزیر اعظم نواز شریف نے خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں جلسے سے خطاب کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبوں کااعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جاؤں گا۔

وزیر اعظم نے بنوں میں عوامی جلسے سے خطاب کیا جہاں انہوں نے لکی مروت یونیورسٹی کے قیام، اور بنوں ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنانے سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آج صبح عوامی جلسے کے لیے بنوں پہنچے۔ بنوں کے دورے کے موقع پر ضلعی حکومت نے ضلع بھر میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔

- Advertisement -

وزیر اعظم کے دورے کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ 3000 پولیس اہلکار اور 10 پلاٹون سے زائد ایف سی اہلکار جلسہ گاہ اور علاقے میں فرائض انجام دینے کے لیے تعینات کیے گئے۔

لکی مروت، کرک، ہنگو، مردان، ڈی آئی خان سے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی۔ تحریک انصاف کی جانب سے درج نعروں کو دیواروں سے مٹا دیا گیا۔ وزیر اعظم کے بنوں پہنچنے پر میونسپل ملازمین نے احتجاج کیا اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔

وزیر اعظم نواز شریف جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن، گورنر اور صوبائی وزرا کے ساتھ ایک بڑے قافلے کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے بنوں آنا چاہتا تھا۔ یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔


PM Nawaz addresses rally in Bannu by arynews

وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آتے ہوئے میں نے بنوں کا جائزہ لیا۔ مجھے کہیں نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آیا۔ سڑکیں، اسکول، عمارتیں وہی سب کچھ پرانا، بدحالی کا شکار ہے۔ ہم نے اپنے پچھلے دور حکومت میں یہاں کئی سڑکیں بنوائیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خواب دکھانے والے 2 سال تک دھاندلی کا رونا رو تے رہے لیکن سپریم کورٹ میں ان کو شکست ہوئی۔ ہم عوام کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔ یہ خود کو کیا سمجھتے ہیں جو ہم ان کے کہنے پر استعفیٰ دے دیں۔

وزیر اعظم نے ایک بار پھر کہا کہ اگر ان پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوگئی تو وہ گھر چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا ملک بنانے کے دعوے کرنے والے کچھ نہیں کر رہے۔ ہم تمام صنعتوں کو 24 گھنٹے بجلی اور گیس دے رہے ہیں۔ ہماری حکومت میں بننے والی پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی قسمت بدل دے گی۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گمبیلا سے ڈیرہ اسمٰعیل خان تک انڈس ہائی وے کی بحالی و مرمت کا آغاز کیا جارہا ہے۔ بنوں میں موجود بجلی گھر جو 3 سے ساڑھے 3 میگا واٹ تک بجلی فراہم کرتا تھا، کی استعداد بڑھا کر 7 سے 8 میگا واٹ کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے بنوں کے 5 یونین کونسلوں پدما خیل، ہنجل، سوکڑی، اماندی اور بزار احمد خان کے لیے گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

انہوں نے نورنگ تا گنڈی چوک، گمبیلا تا کوہاٹ، اور رنگین آباد تا ڈومیل ڈبل روڈ کی تعمیر اور رائزنگ آف باران ڈیم بنوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے بنوں کے لیے 20 کروڑ روپے گرانٹ، لکی مروت یونیورسٹی کے قیام، بنوں انڈسٹریل زون، بنوں اکنامک زون، کوہاٹ اور کرک انڈسٹریل زون اور بنوں ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 تک بنوں سمیت ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ بنوں کو سستی بجلی، اور گیس بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی جلد از جلد گھروں کو واپسی، ان کے لیے تعلیم، صحت کی سہولیات اور ان کے شہروں کی بحالی کا بھی وعدہ کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں