کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے بیان کو ملکی سالمیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کروادی جس میں پرویز خٹک کے خلاف آرٹیکل سکس کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دیے گئے حالیہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے ایوان میں قرارداد جمع کروادی ہے۔
متحدہ اراکین نے اسمبلی میں دی گئی قرارداد میں موقف اختیار کیا ہے کہ ’’پرویز خٹک نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے، جس میں انہوں نے صوبائیت کو ابھارنے، پاکستانیوں کو دست و گریباں کرنے اور ملک کا حشر نشر کرنے کی دھمکیاں دیں‘‘۔
#MQM MPAs submitted a resolution in Sindh Assembly on CM KPK’s Highly irresponsible remarks against Integrity of #Pakistan,demands Article 6 pic.twitter.com/O5nde7GQsm
— Faisal Subzwari (@faisalsubzwari) November 1, 2016
قرارداد میں ایم کیو ایم اراکین نے اس قسم کے بیانات پر اظہار مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے منتخب کردہ اراکین کی رائے کو وفاقی حکومت تک پہنچائیں اور وطن عزیز کے خلاف گستاخانہ کلمات ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے اسلام آباد لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا، اس ضمن میں پرویز خٹک نے وفاقی حکومت اور نوازشریف کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ہمیں باغی بننے پر مجبور نہ کیا جائے اگر ہم نے یہ قدم اٹھایا تو ملک کا حشر نشر ہوجائے گا۔