کراچی: پہلا اے آر وائی فلم فیسٹیول 3 روز تک جلوے بکھیرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول کے آخری روز بہترین فلموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اے آر وائی نیٹ ورک کی جانب سے پہلے فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جسے فن و ادب کے دلدادہ افراد کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی۔
اوشین مال میں 3 روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں 33 ملکی و بین الاقوامی فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی ایوارڈ یافتہ فلموں کی نمائش کی گئی۔
ان میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے کی ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم سانگ آف لاہور، ماہین ضیا کی لیاری نوٹس، اور ہدایتکار انجم شہزاد کی ماہ میر بھی شامل ہیں۔
اس دوران ان فلموں کے ہدایت کاروں، مشہور شخصیات اور عام افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فیسٹیول کا مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے اپنے پیغام میں کہا، ’اے آر وائی فلمز کے قیام کے آغاز سے ہی ہمارا بنیادی مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی اور اس کو مزید ترقی دینا تھا۔ اس ضمن میں اے آر وائی نے پہلا فلم فیسٹیول منعقد کروا کر ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے‘۔
انہوں نے کہا، ’اس فیسٹیول کا مقصد پاکستانی و بین الاقوامی ٹیلنٹ کو ان کے فن کے اظہار کا موقع دینا اور ان کی کاوشوں کو سراہنا تھا‘۔
سلمان اقبال نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ آنے والے سالوں میں اس فیسٹیول کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔
فیسٹیول کے آخری روز عالمی شہرت یافتہ رقاصہ شیما کرمانی نے شاندار رقص کا مظاہرہ کیا جبکہ صنم ماروی نے اپنی خوبصورت آواز میں رنگ بکھیرے۔
آخری روز مندرجہ ذیل فلموں کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
بہترین اسٹوری فیچر فلم ۔ چورا ایک پراٹھا
بہترین شارٹ فلم (سلور کیٹیگری) ۔ امرتا اور میں
بہترین شارٹ فلم (گولڈ کیٹیگری) ۔ ان سرچ آف امریکا
بہترین مختصر دستاویزی فلم ۔ ماسٹرز آف دی اسکائی
بہترین ہدایت کار برائے مختصر دستاویزی فلم ۔ علی اعجاز، پینگولینز ان پیرل
بہترین اداکار (شارٹ فلم) ۔ سید فضل حسین، دل تو بچہ ہے
بہترین دستاویزی فیچر فلم ۔ کے 2 اینڈ دا انویژیبل فٹ مین
بہترین دستاویزی فیچر فلم (ریڈ ایکسیلنس) ۔ لیاری نوٹس
بہترین دستاویزی فیچر فلم (پرپل ایکسیلنس) ۔ سونگ آف لاہور
بہترین فلم ۔ ماہ میر
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔