ممبئی: بالی ووڈ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو صحت میں بہتری کے بعد اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دلیپ کمار کو 8 روز قبل گردے میں تکلیف کے بعد ممبئی کے لیلاواتی اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔
لیجنڈری اداکار کی تکلیف کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹ کروائے جن کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ پانی کی کمی کے باعث دلیپ کمار کو گردے میں تکلیف ہوئی تاہم کسی بھی خدشے کے پیش نظر انہیں اسپتال میں ہی داخل کیا گیا۔
گزشتہ روز شہنشاہ جذبات کی طبیعت میں بہتری آنے کے بعد ڈاکٹرز نے اسپتال سے چھٹی دینے کے لیے اگلے 48 گھنٹوں کا وقت دیاتھا، دلیپ کمار کے قریبی عزیز نے آج دوپہر لیجنڈری اداکار کے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ طبیعت میں بہتری کے بعد شہنشاہ جذبات کو آج چھٹی دے دی جائے گی۔
God’s mercy upon us all. @TheDilipKumar Saab will be discharged from Lilavati Hospital at 4pm. I’m on my way to the hospital.
— Faisal Farooqui (@faisalMouthshut) August 9, 2017
طبیعت میں بہتری اور چھٹی کی خبر سنتے ہی مداحوں کی بڑی تعداد پھولوں کے گلدستوں کے ہمراہ اپنے پسندیدہ اداکار کے والہانہ استقبال کے لیے جمع ہوگئے اور اُن کو زبردست انداز میں ویلکم کیا۔
دلیپ کمار اسپتال کے باہر مداحوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کر نہ صرف حیران ہوئے بلکہ مسکراتے ہوئے اُن کاشکریہ بھی ادا کیا، گھر منتقل ہونے کے بعد اہلیہ اور بالی ووڈ کی سابق اداکارہ سائرہ بانو نے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
دلیپ کمار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سائرہ بانو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے دلیپ صاحب کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے اس لیے انہیں گھر منتقل کیا گیا تاہم وہ اب بھی دو ڈاکٹرز کی نگہداشت میں ہیں۔
سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے لیے دعا کرنے والے تمام افراد اور ڈاکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔