ممبئی: بھارتی مذہبی رہنما گرو گرمیت رام رحیم سنگھ کی عدالتی سزا کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں شروع ہونے والے ہنگاموں سے عالیہ بھٹ سمیت دیگر بالی ووڈ اداکار بھی بری طرح متاثر ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ پٹیالہ کے علاقے میں اپنی نئی آنے والی فلم ’رازی‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اچانک ڈائریکٹر نے شوٹنگ روکنے کی ہدایت جاری کردی۔
بھارتی ہدایت کار کی جانب سے فلم کی شوٹنگ گروگرمیت سنگھ کی سزا کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں شروع ہونے والے ہنگاموں کے باعث روکی گئی۔
مذہبی پیشوا پر خواتین سے زیادتی کا الزام ثابت ہوا اور عدالت کی جانب سے انہیں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تو بھارت کی مختلف ریاستوں میں گرمیت سنگھ کے حامیوں نے تھوڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ شروع کردیا تھا۔
پڑھیں: گروگرمیت مجرم قرار، ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی تعداد31ہوگئی
کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لیے مقامی پولیس نے فلم ڈائریکٹر سے رابطہ کیا اور فوری طور پر شوٹنگ روکنے کا مشورہ دیا جس کے بعد فوری طور پر کام بند کر کے عالیہ بھٹ اور دیگر فنکاروں کو مقامی ہوٹل منتقل کیا گیا، کشیدگی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے ہوٹل کو گھیرے میں بھی لے لیا۔
ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ جب تک حالات اطمینان بخش نہیں ہوتے فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کشمیریوں پر پیلٹ گولیاں اور ہریانہ میں بلوائیوں کو آزادی؟ بھارتی اداکار
یاد رہے کہ گرمیت سنگھ کو عدالت کی جانب سے 20 سال کی سزا سنائی گئی ہے جس کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں حالات تاحال کشیدہ ہیں۔
اس ضمن میں بھارتی اداکار نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہریانہ کے بلوائیوں کو حکومت نے آزاد چھوڑ دیا جبکہ نہتے کشمیریوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کی جاتی ہے‘‘۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔