آپ نے اپنے بچپن میں معصوم اور سادہ لوح سے پنک پینتھر کی کارٹون سیریز ضرور دیکھی ہوگی اور کچھ بچوں کا تو یہ اتنا پسندیدہ ہوگا کہ وہ اس کا اسٹف ٹوائے بھی اپنے ساتھ لے کر سوتے ہوں گے۔
تاہم اب اس پنک پینتھر کے بعد بلیک پینتھر بھی منظر عام پر آگیا ہے جو کوئی کارٹون سیریز نہیں بلکہ مارول کامک کی نئی پیشکش ایک سپر ہیرو ہے جس کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ سیاہ فام ہے۔
بلیک پینتھر نامی سپر ہیرو کا ناول امریکا میں سنہ 60 سے 70 کی دہائی میں خاصا مقبول تھا اور اب مارول اسٹوڈیوز کے تحت بننے والی اس فلم کی کہانی بھی اسی ناول سے ماخوذ ہے۔
سپر ہیروز کی دنیا میں اس سے قبل تمام سپر ہیروز کو سفید فام دکھایا جا چکا ہے تاہم امید ہے کہ اس سیاہ فام سپر ہیرو کو بھی بے حد پسند کیا جائے گا جس کا ثبوت فلم کا ٹریلر ہے جسے ریلیز ہوتے ہی چند گھنٹوں کے اندر لاکھوں افراد نے دیکھ لیا۔
فلم میں موجود تمام ہی کردار افریقی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی اور شاندار سینماٹو گرافی کے ساتھ پیش کیے جارہے ہیں۔
ٹریلر میں اس سپر ہیرو کو طاقتور دشمنوں کے خلاف معرکہ آرا دیکھا جاسکتا ہے۔ فلم بلیک پینتھر کو فروری 2018 میں ریلیز کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔