ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے شادی کے بعد شوہر کے ہمراہ سیر وتفریح کا آغاز کردیا جس کی انہوں نے تصاویر بھی شیئر کیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے رواں ماہ کی 11 تاریخ کو مقررہ پلان کےمطابق اٹلی میں شادی کی جس میں قریبی رشتے اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
ویرات کوہلی اور انوشکا نے شادی کے ارادے کو خفیہ رکھا اس کے باوجود بھارتی میڈیا میں خبریں زیرگردش تھیں کہ دونوں شخصیات رواں ماہ ہی نئے سفر کا آغاز کردیں گے۔
آٹھ دسمبر کو انوشکا اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ممبئی سے اٹلی روانہ ہوئیں اس کے باوجود اُن کے مینیجر نے شادی کی خبروں کو مسترد کردیا جبکہ اہل خانہ اور اداکارہ نے بھی میڈیا نمائندگان کو اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔
ویڈیو دیکھیں: ویرات کوہلی کا انوشکا کے لیے خصوصی گانا
بھارتی اداکارہ اور کرکٹر ویرات کوہلی نے شادی کا اعلان کرتے ہوئے تصاویر جاری کیں جس کے بعد انہیں معروف شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارک باد کے پیغام دیے گئے۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شادی کے بعد ابھی اٹلی میں ہی موجود ہیں اور نوبیہاتا جوڑے نے اپنے ہنی مون کا آغاز کردیا، اس ضمن میں بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے شوہر کے ساتھ برفباری کی تصویر شیئر کی۔
علاوہ ازیں نوبیاہتا جوڑے کی ایک اور تصویر بھی سامنے آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک بلندی کے مقام پر بیٹھے ہیں اور اُن کے سامنے حسین قدرتی نظارہ ہے۔