ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا انتہا پسندوں کے خلاف کھڑی ہوگئیں اور انہوں نے فلم پدماوتی کی کاسٹ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق راجپوت برادری کی رانی ‘پدمنی‘ کی زندگی پر بننے والی فلم کی ریلیز روکنے کے لیے انتہاء پسند تاحال بے قابو ہیں، فلم کی ریلیز روکنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی تاہم عدالت نے اُسے مقررہ وقت یعنی یکم دسمبر کو ہی ریلیز کرنے کا حکم دیا مگر فلم ڈائریکٹر نے کشیدگی کے باعث پدماوتی کی ریلیز ملتوی کردی۔
راجپوت برادری کی تنظیم شری راجپوت سبھا کے صدر نے فلم کی ریلیز روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فلم کی ریلیز سے مذہبی جذبات اور ثقافت کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے لہذا اسے فوری طور پر روکا جائے۔
مزید پڑھیں: سنگین نتائج کی دھکیوں کی بعد بھارتی فلم پدماوتی کی ریلیزملتوی
بھارت کی متنازع ترین فلم پدماوتی کے خلاف احتجاج کرنے والے ہندو انتہاء پسند اس قدر بے قابو ہوگئے انہوں نے نومبر میں ایک شخص کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا اور مذکورہ مقام پر فلم کے خلاف دھمکی آمیز الفاظ بھی تحریر کیے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ’مقتول کی شناخت 40 سالہ چیتن سینائی کے نام سے ہوئی، لاش کے قریب پتھر پر تحریر کیا گیا تھا کہ ’ہم صرف پتلے نہیں جلاتے بلکہ بندے کو لٹکا بھی دیتے ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: پدماوتی کی ریلیز سے قبل ایک شخص موت کی بھینٹ چڑ گیا
سنجے لیلا بھنسالی اور اداکاروں کے سر کی قیمتیں مقرر ہونے اور تمام تر تنازع کے باوجود بالی ووڈ شخصیات فلم کی حمایت کے لیے میدان میں ڈٹی ہوئی ہیں، نامور اداکاروں نے انتہا پسندوں کے احتجاج اور دھمکیوں کے خلاف آواز بھی بلند کی۔
حال ہی میں امریکی ٹی وی شو کی شوٹنگ مکمل کر کے ممبئی واپس آنے والی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی فلم پدماوتی کے خلاف جاری رہنے والے تنازع پر آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ’میں سنجے لیلا بھنسالی، دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور کے ساتھ کھڑی ہوں‘۔
اسے بھی پڑھیں: فلم پدماوتی ریلیز ہونے پر دپیکا اور بھنسالی کے سر کی قیمت مقرر
بھارتی ٹی وی کی جانب سے منعقدہ ایوارڈ شو کی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پریانکا کا کہنا تھا کہ ’میں سنجے لیلا بھنسالی کو اچھی طرح سے جانتی ہوں ، اچھی شخصیت کے حامل ڈائریکٹر کبھی بھی متنازع موضوع نہیں منتخب کرتے بلکہ اپنی فلم میں حقیقت کو دکھانے کی کوشش کرتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم باجی راؤ مستانی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔