کراچی: شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ اے آر وائی فلمز کے بینرز تلے بننے والی نئی فلم ’پرچی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں موجود غنڈہ عناصر کے پرچی سسٹم پر بنائی جانے والی فلم دنیا بھر میں 12 جنوری کو ریلیز کی جائے گی، فلم کی کہانی پاکستان میں موجود غنڈہ عناصر کے گرد گھومتی ہے۔
قبل ازیں جاری کیے جانے والے ٹریلر میں دکھایا گیا کہ غنڈہ عناصر کاروباری لوگوں اور تاجروں سے کس طرح پرچیاں تقسیم کر کے رقم طلب کرتے ہیں۔
ٹریلر
آئی آر، اے آر وائی فلمز اور عارف لاکھانی فلمز کی مشترکہ کاوشوں سے بننے والی فلم ایکشن ، تھرل، اور مزاح سے بھرپور ہے، فلم میں مرکزی کردار حریم فاروق ادا کررہی ہیں جبکہ دیگر فنکاروں میں رحمان خان، احمد علی اکبر، عثمان مختار شفقت چیمہ شامل ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر عمران رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ فلم میں مزاح، ایکشن موسیقی اور ہلکا سا رومانوی رنگ بھی ہے،جس کی وجہ سے اسے مکمل فلم کہا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انتظار ختم، فلم ’پرچی‘ کا ٹریلر جاری
اداکارہ حریم فاروق کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’شائقین کی جانب سے بہت مثبت ردعمل ملا جس کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ فلم ضرور کامیاب ہوگی۔‘
نئے اور معاشرے کے اہم موضوع پر بنائی جانے والی فلم پاکستانی سینما میں اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔