ممبئی: بالی ووڈ اداکار رجنی کانت نے سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں اپنی جماعت کے امیدواران کو میدان میں لانے کا اعلان کردیا۔
بھارتی اداکار رجنی کانت نے چینائی میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی منشور بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سچائی، کام اور ترقی کے لیے سیاست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ تامل ناڈو کی سیاست میں عملی کردار ادا کیا جائے اگر ایسا نہ کیا تو میں زندگی بھر شرمندہ رہوں گا اس لیے بغیر کسی تاخیر کے حقیقی سیاست کا آغاز کررہا ہوں‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رجنی کانت نے اپنی جماعت کا نام فی الحال نہیں بتایا تاہم انہوں نے آئندہ انتخابات میں ملک کی تمام 234 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا۔
رجنی کانت کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے چیزوں کو تبدیل کیا جائے کیونکہ ہمیں طاقت اور پیسے کے رواج کو سیاست سے بالکل ختم کرنا ہے اور ملکی مسائل کو حل کرتے ہوئے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنی ہے‘۔
واضح رہے کہ 64 سالہ رجنی کانت نے کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کیا جن میں سے متعدد نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے بھی لہرائے۔ آپ کو ساؤتھ انڈیا کی مضبوط ترین شخصیت سمجھا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اُن کے سیاست میں داخل ہونے کے اعلان نے بھارت میں بھونچال کھڑا کردیا۔
یاد رہے کہ کافی عرصے سے بھارت میں یہ باز گشت تھی کہ رجنی کانت سیاسی دنیا میں جلد داخل ہوجائیں گے تاہم کئی مواقعوں پر انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا تھا۔
بالی ووڈ کی معروف شخصیات اور بھارتی عوام نے رجنی کانت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی جماعت کی سیاسی دھارے میں شمولیت اچھا شگون ثابت ہوگی۔