کراچی: اے آر وائی فلمز، آئی آر کے فلمز اور عارف لاکھانی فلمز کی مشترکہ پیشکش اور اظفر جعفری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پرچی کا رنگا رنگ پریمیئر کراچی اور لاہور میں منعقد ہوا جہاں جھلملاتے ستاروں کی کہکہشاں زمین پر اتر آئی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی فلم ’پرچی‘ کے لاہور اور کراچی میں پریمیئرز منعقد ہوئے جس میں اداکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
پریمیئر کے موقع پر سربراہ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ، ’اے آر وائی فلمز ہمیشہ سے اپنے ناظرین کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ فلم پرچی اپنے اچھوتے موضوع اور اداکاروں کی شاندار کارکردگی کے باعث بہت مقبول ہوگی‘۔
پرچی کی کہانی بھتہ خوروں کی جانب سے تقسیم کی جانے والی پرچیوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ غنڈہ عناصر کاروباری لوگوں اور تاجروں سے کس طرح رقم طلب کرتے ہیں۔
فلم کے اداکاروں میں حریم فاروق، علی رحمٰن خان، احمد علی اکبر، عثمان مختار، شفقت چیمہ ہیں جب کہ اس کے مصنف شفقت خان ہیں۔
فلم پرچی 5 جنوری کو پاکستان، 12 جنوری کو متحدہ عرب امارات، امریکا اور کینیڈا جبکہ 19 جنوری کو فرانس میں ریلیز کی جائے گی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔