ممبئی: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے بھارت کی متنازع ترین فلم کی خاطر بڑی قربانی دیتے ہوئے ’پیڈمین‘ کی ریلیز ڈیٹ کو آگے بڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کو عدالت اور سینٹر بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نے نشر کرنے کی اجازت دی جس کے بعد اسے 25 جنوری کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔
پدماوتی کا تنازع شوٹنگ سے ہی جاری تھا تاہم جب اس فلم کا پہلا ٹریلر جاری کیا گیا تو راجپوت برادری کے انتہاء پسندوں نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ فلم کی ریلیز کو روکا جائے۔
مزید پڑھیں: پدماوتی تنازع حل ہوتے ہی دپیکا کا دبنگ انداز، تصاویر وائرل
فلم راجپوت برادری سے وابستہ رانی پدمنی پر بنائی جارہی گئی جو بادشاہ علاؤالدین خلجی کے مظالم سے تنگ آکر خودکشی کرلیتی ہے، انتہاء پسندوں نے مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ دپیکا کی ناک کاٹنے اور سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت بھی مقرر کی تھی۔
بھارت کے سینٹرل بورڈ آف سرٹیفکیشن نے تاریخ دانوں اور راجپوت برادری کے عمائدین کو پدماوتی دکھائی جس کے بعد اس میں سے 30 سے زائد مناظر کو ہٹاتے ہوئے فلم کا نام بھی تبدیل کر کے پدماوت رکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار کی فلم پیڈ مین جو خواتین کے مسائل پر بنائی جارہی ہے اُسے 25 جنوری کو ریلیز ہونا تھا تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے بھی اپنی فلم اُسی روز ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔
ڈائریکٹر اور پیڈمین کے مرکزی کردار اکشے کمار نے پدماوت کے لیے بڑی قربانی دیتے ہوئے اپنی فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ 25 جنوری سے بڑھا کر 9 فروری کردی۔