ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی نئی آنے والی فلم ’براہماسترا‘ کی شوٹنگ کے لیے بلغاریہ میں موجود ہیں جہاں ایک ایکشن سین کے دوران شدید زخمی ہوگئیں۔
عالیہ بھٹ کے ہاتھ اور کندھے پر شدید چوٹیں آئی ہیں، ڈاکٹرز نے انہیں 15 دن آرام کرنے کا مشورہ دے دیا، قومی امکان ہے کہ اداکارہ بلغاریہ سے ممبئی واپس لوٹ آئیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بلغاریہ میں فلم کی شوٹنگ رواں ماہ کے آخر میں مکمل ہونا تھی تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے عالیہ بھٹ کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم اپنے پلان میں تبدیلی لاتے ہوئے ممبئی واپس آجائے گی۔
فلم ’براہماسترا‘ ایان مکرجی کی ہدایت کاری میں بنائی جارہی ہے، اداکارہ عالیہ بھٹ کے مدمقابل رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، دیگر اداکاروں میں امیتابھ بچن، دیوندو شرما، دیپک تجوری، مونی رائے، چیتنا پانڈے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ براہماسترا میں عالیہ بھٹ، رنبیر کپور، امیتابھ بچن ایک ساتھ پہلی بار سلور اسکرین پر نظر آئیں گے اور فلم آئندہ سال 15 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بالی ووڈ اداکار شوٹنگ کے دوران شدید زخمی
خیال رہے کہ اس سے قبل کمانڈو اداکار ودیوت جموال اپنی فلم جنگلی کے سیٹ پر ایکشن سین عکسبند کرواتے ہوئے بلندی سے گر کر زخمی ہوگئے تھے ان کے سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔