ممبئی: بالی ووڈ کی نئی آنے والی مزاحیہ فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کا پوسٹر جاری ہوگیا جس میں امیتابھ بچن اداکاری رشی کپور کے والد کا کردار ادا کررہے ہیں، بڑھتی عمر میں دونوں اداکاروں کا منفرد کردار دیکھنے کے لیے مداح بے تاب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بگ بی 27 سال بعد معروف ساتھی اداکار رشی کپور کے ساتھ نئی آنے والی فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ میں جلوہ گر ہورہے ہیں، طویل عرصے بعد دونوں سپراسٹاروں کو اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنے کے لیے مداح پرجوش ہیں۔
گزشتہ دنوں بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والے اداکار امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے نئے کردار کی تصویر اپلوڈ کی تھی جس میں وہ بالکل انوکھے انداز میں نظر آرہے تھے۔
مزید پڑھیں: امیتابھ کا انوکھا انداز انٹرنیٹ پر وائرل
معروف بالی ووڈ اداکار جہاں اس فلم میں انوکھے کردار ادا کررہے ہیں وہی خاص بات یہ بھی ہے کہ امیتابھ اداکاری کے ساتھ ایک بار پھر گلوکاری اور رقص کرتے نظر آئیں گے، اس ضمن میں انہوں نے گانا ریکارڈ کرادیا ہے۔
فلم ناٹ آؤٹ 102 میں لیجنڈری اداکار رشی کپور کے 102 سالہ والد کا کردار ادا کررہے ہیں، ہدایت کار کی جانب سے جاری ہونے والے پوسٹر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رشی کپور پودے کو پانی ڈال رہے ہیں جبکہ امتابھ بچن اپنے فلمی بیٹے سرپر پانی ڈال رہے ہیں اور یہ سارا منظور اسکول دور کا ہے۔
پوسٹر کو دیکھ کر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ رشی کپور ایک ایسے بچے کا کردار ادا کررہے ہیں جسے بڑا ہونے کی اشد ضرورت ہے، امیش شکلا کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم رواں برس 4 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عید میلاد النبی : رشی کپور جامع مسجد دہلی پہنچ گئے
خیال رہے گانے کو گذشتہ دنوں مکمل کیا جانا تھا مگر مقبول ادکارہ سری دیوی کی اچانک موت کے باعث بعد ڈائریکٹر نے شوٹنگ کو فوری طور پر روکتے ہوئے اس کی تاریخ ملتوی کردی تھی۔