ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان جہاں اپنی اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں وہی وہ نرم گوشہ اور صلاح رحمی رکھنے کی وجہ سے بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں، دبنگ خان نے ساتھی اداکارہ پوجا ڈیڈ وال کو جان لیوا بیماری سے بچانے کے لیے اُن کی مالی امداد کا اعلان کرکے ایک بار پھر مداحوں کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ میں سلطان اور دبنگ خان کے نام سے مانے اور جانے والے اداکار سلمان خان اپنے مضبوط جسم اور ایکشن فلموں کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں بلکہ وہ صلاح رحمی اور نرم گوشہ رکھنے کی وجہ سے بھی مداحوں کے ہمیشہ دل جیت لیتے ہیں۔
سلمان خان نے گذشتہ دنوں پریس کانفرس میں 1995 میں فلم ’ویرگتی‘ میں ساتھ کام کرنے والی اداکارہ پوجا ڈیڈوال کے علاج معلاج کا اعلان کیا اور کہا کہ پوجا کی بیماری جان کر مجھے بہت افسوس ہوا، میری ٹیم اداکارہ کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے روانہ ہوچکی ہے جو پوجا کا مکمل علاج کرائے گی اور اس کے علاوہ بھی مجھ سے جو کچھ ہوسکا وہ میں پوجا کے لیے کروں گا، امید ہے وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گی۔
واضح رہے کہ پوجا ڈیڈوال ٹی بی جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں اور ممبئی کے سرکاری اسپتال میں 15 روز سے زیر علاج ہیں، جہاں پوجا کے شوہر اور بھائی انہیں بے یارو مددگار چھوڑ گئے تھے، پوجا نے پہلے تو علاج کے لیے بیرون ملک مقیم اپنے رشتے داروں سے کہا تھا لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی پھر انہوں نے دبنگ خان کے لیے ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا تھا۔
یاد رہے کہ فلم ویرگتی 1995 میں ریلیز ہوئی تھی فلم میں سلمان خان کے ساتھی اداکاروں میں پوجا ڈیڈوال کے علاوہ دیویا دتہ، اتل اگنی ہوتری، فریدہ جلال، سدیش بیری، کلبھوشن کھربندا، سعید جعفری، ہیمانی شیوپوری، ٹینو آنند ودیگر شامل تھے۔