جودھ پور: بھارتی اداکارسلمان خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ، جس کے بعد سلمان خان کو ایک رات اور جیل میں گزارنا پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ ٹائیگر ہرن کے شکار پر سلاخوں کے پیچھے چلے گئے، جودھ پور کی سیشن عدالت میں سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت نے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔
سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنایا جائے گا جبکہ وکیل سلمان خان کا کہنا تھا کہ سلمان خان کےخلاف گواہ قابل بھروسہ نہیں ہیں۔
گذشتہ روز جودھ پور کی عدالت نے 20 سال بعد نایاب ہرن کیس میں سلمان خان کو مجرم قرار دے کر پانچ سال قید اوردس ہزارروپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد انھیں کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عدالت نے دیگر نامزد ملزمان سیف علی خان،سونالی باندرے،تبواورنیلم کوبری کردیا تھا۔
مزید پڑھیں : نایاب کالے ہرن کا شکار کیس، سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا
بالی ووڈ دبنگ خان نے رات جودھ پور کی جیل میں گزاری، جہاں ان کا قیدی نمبر ایک سو چھ تھا، جیل میں سلمان خان کےساتھی خطرناک مجرم ہیں۔
جیل میں وکیل نے سلمان خان سے ملاقات بھی کی جبکہ سلمان سے ملنے دونوں بھائی جودھ پورپہنچ گئے ہیں۔
دبنگ خان کی سزا پر مداح غم وغصے سے بھڑک اٹھے اور سوشل میڈیاپرشورمچ گیا جبکہ ساتھی اداکاروں نے فیصلے پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا سلمان خان کی سماجی خدمات دیکھتےہوئےسزا کم ہونی چاہیے۔
خیال رہے 1998 میں سلمان خان سلمان خان کے خلاف نایاب کالےہرن کےشکاراوراسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے جبکہ دیگر افراد اداکار سیف علی خان،اداکارہ تبو اور سونالی باندرے پربطورشریک ملزم مقدمات تھے۔
واضح رہے کہ سلمان خان پر الزام تھا کہ انیس سو اٹھانوے کی فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے دوران جودھ پور میں نایاب کالے ہرن کا شکار کیا تھا ، شکار کے لئے استعمال ہونے والا اسلحہ بھی غیر قانونی تھا۔