کراچی: مسلم دنیا اور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات مرکزی کردار ادا کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری کی اداکارہ مہوش حیات نے بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو خوش خبری سنائی کہ وہ بی بی شہید کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔
مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ایک جھولے میں بیٹھ کر بے نظیر کی کتاب ہاتھ میں لی ہوئی ہیں، انہوں نے ساتھ میں طویل اسٹیٹس بھی لکھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا دن ہے اور یہ بہترین وقت ہے کہ ہم اُن کی غیر معمولی کامیابیوں پر نظر ڈالیں کیونکہ انہوں نے ملک میں خواتین کے حقوق اور برابری کے لیے بہت جدوجہد کی‘۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ‘میں کبھی سیاسی شخصیت نہیں رہی مگر بے نظیر کی کاوشوں سے بھی کوئی انکار نہیں، ایک وقت میں انہوں نے خواتین کے اندر یہ جذبہ بھی بیدار کیا کہ کچھ بھی ناممکن نہیں ہے’۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’بے نظیر نے ہمارے اندر ستاروں تک پہنچنے کی امید اور حوصلہ پیدا کیا’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بے نظیر بھٹو واقعی بہترین خاتون تھیں جن کی زندگی کے بارے میں مجھے مزید جاننے کا موقع ملا، میں جلد اُن کی زندگی پر بننے والی کہانی کو پیش کروں گی‘۔
پروجیکٹ پر کام کب شروع ہوگا اس حوالے سے کوئی تاریخ یا تفصیلات سامنے نہیں آئیں البتہ خبر سامنے آنے کے بعد بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے بغیر اجازت فلم پر اعتراض اٹھادیا۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو روالپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے بعد قتل کردیا گیا تھا، خود کش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 20 دیگر کارکنان بھی جاں بحق ہوئے تھے۔