نئی دہلی : بھارتی ٹی وی اداکارہ کو گھر میں جعلی کرنسی چھاپنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اقرار کیا کہ ان کے گھر میں نوٹ چھاپنے کی مشین تھی، جس سے وہ جعلی کرنسی نوٹ چھاپ رہی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی ٹی وی اداکارہ سوریا سسی کمار کو پولیس نے ان کی بہن اور والدہ سمیت گرفتار کرلیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ سوریا کے گھر میں نوٹ چھاپنے کے لیے تمام ضروری سامان موجود تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوریا سمیت آٹھ مزید افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ اداکارہ کے گھر سے نوٹ چھاپنے کے کاغذ ، پانچ لاکھ روپے کے جعلی نوٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
گرفتار تمام افراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
اداکارہ سوریا اور ان کے گھر والوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر میں نوٹ چھاپنے کی مشین تھی، جس سے وہ جعلی نوٹ چھاپنے کا کاروبار گزشتہ برس ستمبر سے کررہے ہیں۔
خیال رہے سوریا کیرالہ ٹی وی چینلز کے کئی ڈراموں میں کام کر چکی ہے۔