ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ سے اچانک پریانکا چوپڑا کے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کاسٹ سے باہر ہونے پر شادی کا بہانہ بنانا مضحکہ خیز ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران سلمان خان نے پریانکا کے اچانک فلم بھارت کی کاسٹ اور امریکی شو کوانٹیکو سے یک دم علیحدگی پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔
دبنگ خان کا کہنا تھا کہ فلم ’بھارت‘ سے اداکارہ نے اچانک علیحدگی اختیار کی اور انہوں نے ساتھ ہی اپنا شو بھی چھوڑنے کا اعلان کیا یہ سب میرے لیے حیران کن اور گھبراہٹ کا باعث ہے۔
سلمان خان نے کاسٹ سے باہر ہونے کو غائب ہونا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے علم میں آیا کہ سیٹ چھوڑنے سے قبل انہوں نے ایک بڑی فلم سائن کی ، ہم انہیں روک نہیں سکتے تھے البتہ یہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے‘۔
مزید پڑھیں: ممکنہ شادی، پریانکا کی جگہ کرینہ فلم ’بھارت‘ کا حصہ
سلمان خان کا کہناتھا کہ ’کاسٹ سے باہر ہونے پر شادی کا بہانہ بنانا مضحکہ خیز ہے کیونکہ پریانکا ہالی ووڈ کی فلم کرنا چاہتی تھی مگر یہ اُس کی مرضی ہے کہ وہ بھارتی فلموں میں کام کرے یا نہیں، ہمیں سب کچھ منظور ہے‘۔
بجرنگی بھائی جان کا کہنا تھا کہ ’دس روز قبل اداکارہ شیڈول کے مطابق میرے گھر آئیں اور بتایا کہ اگر تمھیں کوئی مسئلہ نہیں تو مجھے بھی کوئی پریشانی نہیں ہے‘۔
واضح رہے کہ کوانٹیکو میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ میں سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی تھیں تاہم انہوں نے اب علیحدگی اختیار کرلی جس کے بعد اب کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا کو سپنوں کا شہزادہ مل گیا، منگنی اگلے ماہ ہوگی
خیال رہے کہ بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ بات زیر گردش ہے کہ پریانکا امریکی گلوکار نک جانس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہی ہیں، گزشتہ دنوں ہدایت کار علی عباس ظفر نے بھی اداکارہ کے کاسٹ سے باہر ہونے پر کچھ اسی طرح کا ٹویٹ کیا تھا جس سے یہ تاثر نظر آیا کہ وہ شادی کے بندھن میں بندنے جارہی ہیں۔
شادی کے حوالے سے ابھی دونوں شخصیات نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم قریبی ذرائع اس بات کا دعویٰ ہے کہ جولائی یا اگست کے آغاز پر امریکا میں منگنی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں صرف مخصوص لوگ اور قریبی دوست شرکت کریں گے البتہ اب فلم بھارت کے ہدایت کار کی تصدیق نے اس قیاس آرائی کو تقویت دے دی۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا کے ذرائع نے جون کی 27 تاریخ کو دعویٰ کیا تھا کہ پریانکا چوپڑا جولائی یا اگست میں امریکی گلوکار نک جانس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔