ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے دوست اور امریکی گلوکار نک جونس سے منگنی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرپریانکا اور نک جونس کی منگنی کی تقریب اداکارہ کے گھر پر منعقد کی گئی جس میں صرف مخصوص لوگوں نے شرکت کی۔
منگنی کی تقریب ہندو مذہب اور پنجابی رسم و رواج کے تحت ادا کی گئی جس میں پریانکا نے زرد (پیلے) اور نک جونس نے سفید رنگ کا کرتا پاجامہ زیب تن کیا ہوا تھا۔ تقریب میں شریک مہمانِ گرامی نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اُن کی کامیابیوں کے لیے بھی دعا کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگنی کی تقریب کے سلسلے میں آج یعنی 18 اگست کی رات شاندار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں معروف شخصیات ، شوبز ستارے اور امریکی گلوکار کے قریبی رشتے دار شرکت کریں گے جو خصوصی طور پر امریکا سے تشریف لارہے ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ کے اہل خانہ نے امریکا سے آنے والے 200 مہمانوں کے لیے ہوٹل کے کمرے بک کروالیے جہاں وہ قیام کریں گے، بیرونِ ملک سے آنے والے افراد نک جونس کے رشتے دار ہیں۔
مزید پڑھیں: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ’مرد‘ بننے کو تیار
ذرائع کے مطابق امریکی گلوکار نک جونس آج شام پہلی بار پریانکا کا تعارف اپنے رشتے داروں اور عزیز و اقارب سے کروائیں گے کیونکہ قربتوں کے حوالے سے انہوں نے اس سے قبل کسی کو کچھ نہیں بتایا تھا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ نے ممکنہ منگنی کے پیش نظر اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جس کے بعد کترینہ کیف کو اُن کی جگہ مرکزی کردار دیا گیا۔
’بھارت‘ کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ اب پریانکا فلم کی کاسٹ کا حصہ نہیں ہیں ساتھ ہی انہوں نے منگنی کی طرف اشارہ بھی دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا چوتھی بار دنیا کی پرکشش ترین خاتون قرار
قبل ازیں بھارتی میڈیا کے ذرائع نے جون کی 27 تاریخ کو دعویٰ کیا تھا کہ پریانکا چوپڑا جولائی یا اگست میں امریکی گلوکار نک جانس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ اور امریکی گلوکار کی پہلی ملاقات گزشتہ برس میٹ گالا پر ہوئی جس کے بعد دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور پھر یہ لوگ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے۔ نک جانس نے امریکی ڈرامے کوانٹیکو کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ سے محبت اور شادی کی خواہش کا اظہار کی جسے پریانکا نے قبول کرلیا تھا۔
اسے بھی پڑھیں: ’پریانکا کو پاکستان بھیج دو‘ انتہا پسند ہندوؤں کی پکار
امریکی گلوکار ماہ جون کے آخری ایام میں پریانکا کے ساتھ بھارت پہنچے تھے، اُن کے دورے کا مقصد اداکارہ کی والدہ کو راضی کرنا اور منگنی کی تاریخ کے ساتھ دن بھی طے کرنا تھا جس میں وہ کامیاب ہوگئے۔
شادی کے حوالے سے دونوں شخصیات نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی تاہم قریبی ذرائع نے اس بات کا دعویٰ ہے کیا تھا کہ جولائی کے آخری یا اگست کے اوائل میں دونوں منگنی کرلیں گے۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بالی ووڈ میں اچانک شادیوں کا سیزن شروع ہوا تھا، سب سے پہلے سونم کپور پھر اداکارہ نیہا دھوپیا اور پھر میوزک کمپوزر ہمیش ریشمیا نے ایک ہی ہفتے میں شادی کی تھی۔